اسلام آباد کو پہلا کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر تک مکمل نفاذ کا ہدف۔ طلال چوہدری نے منصوبے کی کامیابی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی دارالحکومت کو پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے، بینکنگ سیکٹر کے نمائندگان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بینکنگ سیکٹر کے نمائندگان نے کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کے بعد آئی سی ٹی اور سی ڈی اے کے کسی محکمے میں نقد ادائیگی نہیں کی جائے گی جبکہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام مرچنٹس کو کیش لیس نظام میں شامل کرنے کا ہدف ہے۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ کیش لیس نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس مانیٹرنگ اور لین دین کے نظام میں بہتری آئے گی۔ اسلام آباد میں 26 ہزار مرچنٹس پہلے ہی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہیں اور ریڑھی بانوں سے بڑے کاروباری مراکز تک ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔





















