مکہ معاہدے کی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کا آغاز کردیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی عملی ذمہ داریوں کا آغاز کردیا گیا ہے، سعودی عرب کے تحفظ پر پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔

لارڈمیڈیا
مکہ دفاعی معاہدے کی ذمہ داریوں کے عملی آغاز کا اعلان

ریاض (لارڈ میڈیا) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب اخبار کو بتایا کہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے اندر فوجی دستوں اور عسکری صلاحیتوں کی فوری تعیناتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں عسکری ہم آہنگی کو مضبوط بنانا، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور باہمی رابطوں کو مربوط بنانا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اس کی سلامتی و علاقائی سالمیت کے لیے اسلام آباد کا عزم غیر متزلزل ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوجی دستے سعودی عرب میں موجود ہیں اور دفاعی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی ضروری خدمات فراہم کی جاتی رہیں گی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور اقتصادی انفراسٹرکچر پر حملوں کی مذمت کرتا ہے اور ان حملوں کو خطے کے استحکام کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔

انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور سفارتی طریقوں سے مسائل کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے 26 اکتوبر کو مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد اور ایران کے نمائندوں کی ملاقات کا ذکر بھی کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ دو طرفہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے لیے لائحہ عمل فراہم کرتا ہے جبکہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد سہ فریقی معاہدہ ہے جس کے تحت اجتماعی دفاع اور رابطوں کو مربوط بنانے کے لیے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں