چترال اور دیر بالا میں مسلسل بارش و برفباری کے بعد کمراٹ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ سے روڈ بند ہوگئی، سردی کی شدت میں اضافہ۔
پشاور (لارڈ میڈیا): چترال اور دیر بالا میں مسلسل بارش و برفباری کے بعد کمراٹ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث روڈ بند ہوگئی ہے، جس سے سیاح اور مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ اپر چترال کے مختلف علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ لوئر چترال میں گندم کی بوائی شروع ہوگئی ہے۔
اپر چترال کے تورکہو، تریچ، کھوت، اجنو، ریچ، بروغل، یارخون اور شندور میں برفباری ہوئی، جبکہ لوئر چترال کے گرم چشمہ، کریم آباد، کالاش ویلیز کے بالائی دیہات، لواری ٹنل، گولین اور مڈک لشٹ نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ لواری ٹنل پر برفباری کے باوجود ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔
چترال شہر، آیون، بروز اور دروش سمیت نشیبی علاقوں میں موسم جزوی طور پر صاف ہوگیا ہے۔ بارش کے بعد پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ چترال شہر، کجو، سنگور، بروز، کیسو، خیرآباد، دروش اور سویر میں گندم کی بوائی بھی شروع کر دی گئی۔
جلانے کی لکڑی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ چترال شہر میں جلانے کی لکڑی 1300 سے 1500 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کوئلے کی قیمت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کے مطابق سلنڈر گیس بھی من مانی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہے۔
دیر بالا کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش اور بالائی مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ وادی کمراٹ روڈ پر چیراگلی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سڑک کی بندش سے سیاح اور مسافر پھنس گئے جبکہ شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔





















