مکہ دفاعی معاہدے کی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سعودی عرب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، احمد شریف چوہدری کا اظہار خیال۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کا آغاز کردیا گیا ہے اور سعودی عرب اور حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عرب اخبار الشرق الأوسط کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے عملی مرحلے میں داخل ہونے اور اس کی اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کے لیے سعودی عرب کے اندر متفقہ فوجی دستوں اور عسکری صلاحیتوں کی فوری تعیناتی ممکن بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں تیاری کے مرحلے کو بڑھانا، عسکری ہم آہنگی کو مضبوط بنانا، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور دفاعی نوعیت کی کارروائیوں کے لیے باہمی رابطوں کو مربوط بنانا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال 7 اگست کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد معاہدہ طے پایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کسی ایک رکن ملک کے خلاف جارحیت تینوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کی جائے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور سعودی عرب کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اسلام آباد کا عزم غیر متزلزل ہے۔
سعودی عرب میں پاکستانی فورسز کی موجودگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوجی دستے پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں اور مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، شہروں، شہری اور اقتصادی انفراسٹرکچر پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور ان حملوں پر پاکستان میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 اکتوبر کو مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد اور ایران کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مقصد کشیدگی میں کمی اور علاقائی تعاون بڑھانے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔





















