سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مولانا فضل الرحمان کو دہشتگردی پر سوچ کر بات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سے معاشرے میں بہتری آئے گی اور صوبوں کی ضرورت پر عوام کو فیصلہ کرنا چاہئے۔
لاہور (لارڈ میڈیا): سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو دہشتگردی کے حوالے سے سوچ کر بات کرنی چاہئے۔ لاہور ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مولانا کو جاندار مقرر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ لوگ کتابوں کی طرف توجہ دے رہے ہیں، جس سے ریاست میں بہتری آئے گی۔
ملک احمد خان نے مزید کہا کہ انیس سو تہتر کے آئین میں واضح ہے کہ اختیارات عوام کے پاس ہونے چاہئیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ریفرنڈم کی تجویز دی ہے اور اس پر عمل کروانا چاہیے۔ اگر عوام صوبے بنانے کی حمایت کرتی ہے تو یہ اقدام اٹھایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومتوں کو کتب بینی کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور ٹیکسز میں کمی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی بہتر تقسیم کی ضرورت ہے اور پاکستان کی ترقی سیاسی جہدوجہد پر مشتمل ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ ہم جنہیں خارجی کہتے ہیں، ان کے فٹ پرنٹ دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین ایم پی او کے تحت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو نظر بند کیا گیا۔





















