وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ان کے اقتدار میں آنے سے قبل پنجاب کو جادو ٹونے سے چلایا جا رہا تھا۔ پنجاب ستھرا پروگرام اور اسکالر شپ پروگرام کی تفصیلات پیش کیں۔
راولپنڈی (لارڈ میڈیا) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے وزارت اعلیٰ کے منصب سنبھالنے سے قبل صوبے کو جادو ٹونے اور مؤکلوں کے ذریعے چلایا جا رہا تھا۔ راولپنڈی میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کو جادو ٹونے سے نکال کر جدید ترقی کی طرف لے گئے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب ستھرا پروگرام کے تحت صوبے کے ہر گلی اور محلے کو چمکایا جا رہا ہے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر اور خیبرپختونخوا میں بھی صفائی کے پروگراموں کے آغاز کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ تین سال میں راولپنڈی میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں، جہاں سڑکیں اور پارک بن رہے ہیں۔ انہوں نے پنجاب کے کردار کو دیگر صوبوں کے لئے رہنما قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ کوڑے سے بائیو گیس بنانے پر غور جاری ہے اور صوبے میں گرین بسز کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ آئندہ چند ماہ میں مزید 3 ہزار بسیں آئیں گی۔
پنجاب میں ‘اپنا گھر اپنی چھت’ اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے گئے ہیں اور اگلے 18 ماہ میں کینسر اسپتال مکمل ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب پنجاب میں جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ خواتین کے تحفظ کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہونہار اسکالر شپ پروگرام کا مقصد مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ طلبہ کو لیپ ٹاپس کی فراہمی ان کی محنت کا اعتراف ہے۔





















