پی ڈی ایم اے نے جنوبی پنجاب میں خشک سالی کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے محکموں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت دی ہے۔
لاہور (لارڈ میڈیا): جنوبی پنجاب میں دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک معمول سے کم بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں خشک سالی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مختلف محکموں جیسے لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، ماحولیات، صحت، لائیو اسٹاک، جنگلات، تعلیم، ریسکیو 1122 اور ٹرانسپورٹ کو مراسلے بھیج دیے ہیں۔ کمشنرز بہاولپور، سرگودھا، اور ڈیرہ غازی خان کے علاوہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیشگی انتظامات مکمل کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد خضر افضال نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کے باعث زرعی زمینوں میں نمی کی کمی اور آبی وسائل پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملے کی موجودگی یقینی بنانے اور پی ڈی ایم اے اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خشک سالی سے متاثر ہونے کے خدشے والے علاقوں کا ڈیٹا بیس تیار کیا جائے تاکہ بروقت امدادی اقدامات کیے جاسکیں۔ عوام میں پانی کے تحفظ کی آگاہی مہم چلانے اور مقامی سطح پر پانی بچانے کے اقدامات کو فروغ دیا جائے۔
محمد خضر افضال نے حساس علاقوں میں مویشیوں کے تحفظ کے لیے ادویات اور چارے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو زیادہ حساس علاقوں میں اضافی عملہ اور ضروری وسائل تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ریسکیو 1122 اور اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔





















