گورنر پنجاب نے بلاول بھٹو کی ریفرنڈم سے متعلق بات کو درست قرار دیا۔ انہوں نے سندھ کی صحت اور تعلیمی نظام کی تعریف کی جبکہ پی ٹی آئی کی غلطیوں کا ذکر کیا۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی بات ٹھیک ہے کہ ریفرنڈم کی تاریخ پاکستان میں بھیانک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا فیصلہ وہاں کے عوام کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سے ملاقات میں کہی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ گورنر راج کے حق میں نہیں ہیں مگر پی ٹی آئی کی 80 فیصد غلطیوں کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ ہوئی۔ یہ معاملہ اب پارلیمان میں بحث کے لیے لے جایا جا رہا ہے جو کہ اچھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ہمیشہ سے کہتے آئے ہیں کہ ‘مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں’، اور جو بھی ہو اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ جیسا کرو گے ویسا بھرو گے اللہ کا قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کے وزیراعلی کا جیل میں ہونا جمہوری نظام کے خلاف ہے، لیکن عمران خان نے بھی اپنے دور میں یہی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاص بیانیے کے تحت پنجاب سے پیپلز پارٹی کو سائیڈ لائن کیا گیا جبکہ سندھ میں صحت کا نظام بہتر ہے۔ انہوں نے سندھ کے تعلیمی نظام اور صحت کے نظام کی تعریف کی۔





















