خواجہ آصف نے رانا ثناء اللہ کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ مستند اور محترم سیاسی کارکن ہیں۔ وزیراعظم نے وزرا کو بیان بازی سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر دفاع خواجہ آصف نے رانا ثناء اللہ کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک مستند اور قابل احترام سیاسی کارکن ہیں جنہوں نے مشکلات کے باوجود سیاسی جدوجہد جاری رکھی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں کہا کہ رانا ثناء اللہ نے پرویز مشرف اور ٹی آئی کے دور میں طاقتور حکمرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ان کا سیاسی عزم متزلزل نہیں ہوا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ جیسے نظریاتی کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی سیاسی بصیرت، وفاداری اور ثابت قدمی مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور انہیں اپنا مؤقف بیان کرنے کا حق حاصل ہے۔
وفاقی وزراء کے درمیان بیان بازی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کریں اور اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت، تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھیں۔





















