وزیراعظم اور گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کے نفاذ پر وفاقی حکومت مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں محسن نقوی بھی موجود تھے۔





















