پاکستانی خریدار چین میں ٹیکسٹائل کے شعبے کو جدید بنانے کے حل تلاش کر رہے ہیں۔ یو دو کاؤنٹی میں منعقدہ نمائش میں خودکار مشینری کی خریداری پر غور کیا جا رہا ہے۔
نان چھانگ(شِنہوا) چین کے مشرقی صوبے جیانگ شی کی یو دو کاؤنٹی میں جدید آلات کے پویلین میں لیزر کٹنگ مشین کی تصویر بناتے ہوئے رحمان ممتا رور نے کہا کہ پاکستان میں سلائی کا کچھ کام اب بھی ہاتھ سے کیا جاتا ہے، جبکہ یہاں خودکار مشینوں کا استعمال عام ہے۔ وہ موتاز انٹرنیشنل ٹریڈ (گوانگ ژو) لمیٹڈ کے شعبہ خریداری کے مینیجر ہیں اور پہلی مرتبہ یو دو کاؤنٹی کا دورہ کر رہے تھے۔ ان کی خواہش تھی کہ ایسی مشینری پاکستان لے کر جائیں۔
ساتویں جیانگ شی گان ژو ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس انڈسٹری ایکسپو 23 نومبر کو یو دو میں شروع ہوئی۔ 60 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلی اس نمائش میں 345 بوتھس لگائے گئے ہیں جہاں 300 سے زائد ملکی نمائش کنندگان اپنی مصنوعات پیش کر رہے ہیں اس کے متوازی دیگر تقریبات میں صنعتی برانڈز کا سربراہی اجلاس، اوریجنل ڈیزائن ویک اور بین الاقوامی براہ راست خریداری و سرحد پار ای کامرس سے متعلق کاروباری روابط کی کانفرنس سمیت متعدد سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔

پاکستانی تاجر رحمان ممتا رور چین کے مشرقی صوبے جیانگ شی کے شہر گان ژو کی یو دو کاؤنٹی میں منعقدہ 7 ویں جیانگ شی گان ژو ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس انڈسٹری ایکسپو میں چینی ٹیکسٹائل مشینری کا معائنہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
حالیہ برسوں میں یو دو نے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کو تیزی سے ترقی دی ہے۔ یہاں اس شعبے سے وابستہ 3 ہزار 850 سے زائد کاروباری ادارے قائم ہیں، جنہوں نے تقریباً 3 لاکھ افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں، جبکہ اس صنعت کی مجموعی آمدنی 100 ارب یوآن سے تجاوز کر چکی ہے۔
ٹیکسٹائل کی تجارت میں 7 سالہ تجربہ رکھنے والے رحمان پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اومان اور قطر میں گاہکوں کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔ اس نمائش میں ان کی خریداری کی فہرست میں ملبوسات اور ٹیکسٹائل مشینری سرفہرست ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل کی صنعت کی مضبوط بنیاد موجود ہے، تاہم بٹن لگانے، جیبوں کی سلائی اور کپڑا کاٹنے جیسے کاموں کے لیے اب بھی بڑی حد تک دستی مشقت پر انحصار کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے زیادہ پیداواری صلاحیت کی ضرورت ہے۔ وہ خودکار طریقے سے بٹن لگانے اور لیزر سے کپڑا کاٹنے والی مشینوں کے اسٹالز پر خاصی دیر تک رکے رہے۔
کئی ممکنہ مینوفیکچررز سے رابطہ کرنے اور قیمتوں کے تعین کے لیے مصنوعات کے کیٹلاگ جمع کرنے کے بعد انہوں نے کہا، "اگر قیمتیں مناسب ہوئیں تو میں پاکستان میں فیکٹری مالکان کو ان مشینوں کی سفارش کروں گا۔ چین کا دستی سلائی سے خودکار پیداوار کی جانب سفر پاکستان کی صنعتی ترقی اور جدیدیت کے لیے قیمتی اسباق فراہم کرتا ہے۔”

پاکستانی تاجر رحمان ممتا رور چین کے مشرقی صوبے جیانگ شی کے شہر گان ژو کی یو دو کاؤنٹی میں منعقدہ ساتویں جیانگ شی گان ژو ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس انڈسٹری ایکسپو میں چینی ٹیکسٹائل مشینری کا معائنہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
پاکستانی خریدار نمائش کے مختلف اسٹالز کا دورہ کرتے، مصنوعات کے نمونے دیکھتے، کیٹلاگ کا جائزہ لیتے اور کاروباری روابط کا تبادلہ کرتے نظر آئے۔ وہ کپڑے، تیار ملبوسات اور جدید ٹیکسٹائل آلات کی تلاش میں تھے تاکہ چین اور پاکستان کے درمیان ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کیے جا سکیں۔
شوپانڈر کمپنی کے مینیجر عثمان حمید نے ڈینم کپڑے کے نمونوں کا بغور جائزہ لیا اور نمائش کنندگان کے ساتھ کم از کم آرڈر کی مقدار اور درآمدی سرٹیفکیشن کے طریقہ کار پر بات چیت کی۔ وہ خریداری اور معیار کی جانچ، دونوں ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ وہ پاکستان میں کمپنی کی متعدد شاخوں کی نگرانی کے علاوہ اسکاٹ لینڈ میں سرحد پار ای کامرس کا کاروبار بھی چلاتے ہیں، جہاں سے پاکستان، برطانیہ اور امریکہ میں مصنوعات فروخت کی جاتی ہیں۔
عثمان نے بیرونی منڈیوں کی ضروریات میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی صارفین مناسب قیمت پر معیاری مصنوعات کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ یورپ اور امریکہ کے خریدار کپڑے کی ماحول دوست خصوصیات پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ اس نمائش میں ان کی توجہ یورپی منڈیوں کے لیے خواتین کے ڈینم ملبوسات پر مرکوز تھی۔ انہوں نے کہا ، "ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے چین ہمارے لیے سامان کی فراہمی کا ایک محفوظ اور قابل اعتماد ذریعہ ہے۔

پاکستانی تاجر رحمان ممتا رور چین کے مشرقی صوبے جیانگ شی کے شہر گان ژو کی یو دو کاؤنٹی میں منعقدہ 7 ویں جیانگ شی گان ژو ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس انڈسٹری ایکسپو میں چینی ٹیکسٹائل مشینری کا معائنہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
عثمان نے کہا کہ چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے تحت ٹیرف میں ترجیحی سہولتیں اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے پیدا ہونے والے مواقع دوطرفہ ٹیکسٹائل تجارت میں بے پناہ امکانات رکھتے ہیں۔”
گوانگ ژو بائی ینگ ٹریڈنگ کمپنی کے ڈائریکٹر عبدالصمد پاکستان اور برطانیہ کے گاہکوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے چین کے مختلف صنعتی مراکز کا مسلسل دورہ کرتے رہتے ہیں۔ وہ چین کی لچکدار پیداواری صلاحیت سے بہت متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا، "یہاں کے سپلائرز مسابقتی قیمتوں پر 50 یا 100 اشیا جیسے چھوٹے حسبِ ضرورت آرڈرز بھی پورے کر سکتے ہیں۔” ایک نمائش کنندہ نے انہیں خاص طور پر متاثر کیا، جو اطالوی طرز کے پرنٹنگ ڈیزائنز کے حقوق رکھتا ہے اور کم از کم آرڈر کی کوئی شرط عائد کیے بغیر مفت نمونہ پرنٹنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

پاکستانی تاجر رحمان ممتا رور چین کے مشرقی صوبے جیانگ شی کے شہر گان ژو کی یو دو کاؤنٹی میں منعقدہ 7 ویں جیانگ شی گان ژو ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس انڈسٹری ایکسپو میں چینی ٹیکسٹائل مشینری کا معائنہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
عبدالصمد کے خیال میں چین اور پاکستان کے درمیان ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون صرف تیار ملبوسات کی خرید و فروخت تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے ٹیکسٹائل اداروں کو مختصر حجم کی جدید مشینری کی اشد ضرورت ہے۔ اگر چینی مشینری ساز کمپنیاں پاکستان میں اپنے مقامی دفاتر اور اسپیئر پارٹس کے گودام قائم کریں اور مشینری لیز پر فراہم کرنے کے طریقے بھی متعارف کرائیں تو اس سے پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے میں بڑے پیمانے پر صنعتی اختراع اور ترقی کو فروغ مل سکتا ہے۔






















