میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں کارکنوں کو جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن نے ریاستی جبر پر تشویش ظاہر کی، سرگودھا کانفرنس کا اعلان کیا اور عوام کے حقوق کے تحفظ کا عزم دہرایا۔

لارڈمیڈیا
میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں کارکنوں کو جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن

لاہور (لارڈ میڈیا) : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں اور ان کے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے لاہور شہر میں ریاستی رکاوٹیں ہیں، جس کی وجہ سے انہیں وکلا سے براہ راست خطاب سے روکا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جبر کو دوام نہیں ہوتا جبکہ صبر کو تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں امن کے داعی ہیں اور قیام امن کے لیے انہوں نے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وفاداریاں پاکستان کے ساتھ شک و شبہ سے بالاتر ہیں اور جمعیت علمائے اسلام کے کارکن جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے اعلان کیا کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام ایک بڑی کانفرنس کرنے جا رہی ہے، جہاں ان کے کارکن ریاستی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی قائدین کے کاروبار بند اور دکانیں سیل کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، کسی طاقتور ادارے کی نہیں۔ مولانا نے کہا کہ وہ صبر کا دامن تھامے ہوئے ہیں لیکن اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں