پنجاب اسمبلی میں متعدد بل پیش، 4 قراردادیں متفقہ طور پر منظور

پنجاب اسمبلی میں متعدد بلز پیش، چار قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔ خواتین کے تحفظ اور قدیم ہسپتال کی بحالی پر زور دیا گیا۔

لارڈمیڈیا
Punjab Assembly passes key amendment bills

لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں دی یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ایمرجنگ سائنسز لاہور ترمیمی بل 2026ء متعارف کروا دیا گیا جبکہ دی پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ترمیمی بل 2026ء منظور کر لیا گیا۔ حکومتی رکن طارق سبحانی نے یونیورسٹی بل اور راجہ شوکت بھٹی نے ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بل پیش کیا۔ والڈ سٹی یونیورسٹی بل کو رانا محمد ارشد نے پیش کیا اور یہ بلز کمیٹیوں کے سپرد کر دیے گئے۔

پنجاب اسمبلی نے منڈی بہاؤالدین کے 1941ء سے قائم قدیم ہسپتال کی انتظامی حیثیت بحال کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ 2020ء میں ہسپتال کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ضم کر دیا گیا تھا، جبکہ 2022ء میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے اسے سٹی ہسپتال کا درجہ دیا۔ ایوان نے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کی حیثیت بحال کی جائے۔

خواتین اور بچیوں پر ہر قسم کے تشدد کی مذمت اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کی حمایت میں حنا پرویز بٹ کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قرارداد میں خواتین کے تحفظ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے آگاہی سرگرمیاں منعقد کرنے اور تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی۔

سرکاری تعلیمی اداروں میں طالبات کے لیے ماہواری کے دوران حفظانِ صحت کی سہولیات بہتر بنانے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ قرارداد میں صاف پانی، فعال واش رومز، اور سینیٹری مصنوعات کی دستیابی پر زور دیا گیا۔

مقدس ہستیوں کی توہین پر سزا میں اضافے کے لیے قانون سازی سے متعلق ایک قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قرارداد میں موجودہ سزا کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مؤثر قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں