وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ مسائل کا حل الزامات میں نہیں، پاکستان کے پاس دہشت گردی کے شواہد ہیں۔ گفتگو حقائق اور شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ الزامات لگانے سے مسائل کا حل نہیں نکلتا، پاکستان کے پاس دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی کا معاملہ ضرور زیر بحث آئے گا، تاہم اس حوالے سے ہونے والی ہر بات مستند شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے اثرات سب سے زیادہ پاکستان نے برداشت کیے ہیں، جبکہ پورا خطہ اس سنگین مسئلے سے متاثر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے اور اشتعال انگیز بیانات دینے سے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
پاکستان متعدد مرتبہ بھارت سے دہشت گردی کے حوالے سے ٹھوس ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کرچکا ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کے پاس بھی دہشت گردی سے متعلق شواہد موجود ہیں، جن کا تبادلہ دونوں ممالک باہمی رابطے کے ذریعے یا کسی موزوں فورم پر کرسکتے ہیں۔





















