مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ 2022 کے سیلاب سے 1700 افراد جاں بحق ہوئے اور موہنجودڑو کی دیواریں متاثر ہوئیں۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کے لئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں تقریباً 1700 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ سندھ کا بیشتر حصہ سیلابی پانی میں ڈوب گیا تھا۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ اگست 2022 کے دوران لاڑکانہ میں موہنجودڑو کے کھنڈرات پر ریکارڈ بارش ہوئی، جس کے باعث ساڑھے 4 ہزار سال قدیم موہنجو دڑو کی کئی دیواریں گرگئیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کے لئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین وادی سندھ اور گندھارا کی قدیم تہذیبوں کا مرکز رہی ہے، اسلام آباد کے گردونواح میں مختلف تاریخی تہذیبیں ہیں۔ گندھارا کا بدھ فن تعمیر شاہراہ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا، جبکہ پاکستان کے تاریخی روابط شمال کی جانب بخارا اور سمر قند تک پھیلے ہوئے ہیں۔





















