اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر بنانے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے۔ تمام کاروباری مراکز ڈیجیٹل ادائیگیوں میں شامل ہوں گے۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کے لیے 31 دسمبر کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر کے تمام کاروباری مراکز اور تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں شامل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس پیش رفت کا اعلان کیا گیا، جس میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سہیل اشرف، بینکنگ سیکٹر کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
طلال چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر کیش لیس اسلام آباد منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی وصول نہیں کی جائے گی اور تمام سرکاری لین دین ڈیجیٹل ذرائع سے ہوگا۔
دارالحکومت میں 26 ہزار مرچنٹس پہلے ہی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہو چکے ہیں، جبکہ 31 دسمبر تک ہر سطح پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کر دی جائے گی۔
بینکنگ سیکٹر کے نمائندگان نے کیش لیس اسلام آباد کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔





















