چین ،دیہی صنعتوں کے فروغ میں ہنرمند افرادی قوت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا اہم کردار

چین دیہی صنعتوں کی ترقی میں ہنرمند افرادی قوت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے کردار کو مضبوط بنا رہا ہے۔

شنہوا

بیجنگ(شِنہوا)چین زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ دیہی صنعتوں کی ترقی میں ہنرمند افرادی قوت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے کردار کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے۔

شِنہوا نیوز ایجنسی کے زیر اہتمام آل میڈیا ٹاک شو "چائنہ اکنامک راؤنڈ ٹیبل” کی تازہ ترین نشست میں شرکا نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ چین کس طرح شہروں سے اپنے آبائی علاقوں کو واپس آنے والے  کارکنوں اور ٹیکنالوجی سے واقف نوجوانوں کو زرعی جدیدیت کے لیے مستقل بنیادوں پر ہنرمند افرادی قوت میں تبدیل کر رہا ہے اور زراعت میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید کیسے فروغ دیا جا سکتا ہے۔

چین کے وسطی صوبہ ہوبے کے گاؤں دونگ جیاؤ میں شہروں سے نوجوان محنت کشوں کی بڑی تعداد اپنے آبائی علاقوں کو واپس آ رہی ہے۔ گاؤں کے پارٹی سیکرٹری ہو آئی گو نے بتایا کہ انہیں فنی مہارتوں اور کاروباری انتظام کے حوالے سے تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ پیشہ ور کسانوں کی نئی نسل کا حصہ بن سکیں۔

ہو نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ نئے کسانوں کو روایتی طریقہ کاشت سے جدید اور ذہین زرعی نظام کی جانب منتقل کرنا ہے۔

دونگ جیاؤ میں شہروں سے واپس آنے والے نوجوان اب جدید زرعی مشینری اور سینسر نیٹ ورکس استعمال کر رہے ہیں، جبکہ اناج کے کاشتکاروں نے اعلیٰ معیار کی منڈیوں کے لیے نامیاتی سرسوں کی کاشت کی غرض سے کوآپریٹوزقائم کر لی ہیں۔

ہو نے کہا کہ گاؤں کی ترقی کا انحصار نوجوانوں کے اپنے آبائی علاقوں میں مستقل طور پر آباد ہونے پر ہے۔

وزارت زراعت و دیہی امور کے مرکز برائے دیہی معیشت کے ڈائریکٹر ژاؤ چھانگ باؤ کے مطابق، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی بھی جدید زرعی نظام کو فروغ دینے میں زیادہ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ژاؤ نے کہا کہ ماضی میں کسان زیادہ تر آسمان اور زمین کی صورتحال دیکھ کر اور اپنے تجربے کی بنیاد پر کاشتکاری کرتے تھے، لیکن اب تبدیلی یہ آ رہی ہے کہ زراعت میں ڈیٹا، الگورتھم اور ڈیجیٹل اسکرینز پر زیادہ انحصار کیا جا رہا ہے۔

اس تبدیلی کو دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے تقویت مل رہی ہے۔ چین کے 95 فیصد سے زائد انتظامی دیہات میں فائیو جی نیٹ ورک کی سہولت دستیاب ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کے استعمال کی شرح 69.5 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

ژاؤ نے نشاندہی کی کہ دیہی ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے ساتھ چین میں ڈیجیٹل معلومات کی بنیاد پر ہونے والی زرعی پیداوار کا تناسب ہر سال تقریباً 2 فیصد پوائنٹس بڑھ رہا ہے۔

اسٹوری آتھر
دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں