بوداپست کانفرنس میں چین اور وسطی و مشرقی یورپ کے درمیان تجارت میں آر ایم بی کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
بوداپست (شِنہوا) 10ویں بوداپست رین من بی انیشی ایٹو کانفرنس کے شرکاء نے کہا ہے کہ رین من بی (آر ایم بی) چین اور وسطی و مشرقی یورپ (سی ای ای) کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سے وابستہ بینکوں اور کاروباری اداروں کے لئے مالی معاونت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
’’بین الاقوامی مالیاتی نظام میں رین من بی کا کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اس کانفرنس کا مشترکہ اہتمام ہنگری کے مرکزی بینک اور بینک آف چائنہ سی ای ای لمیٹڈ نے کیا تھا۔
یہ سالانہ فورم بوداپست رین من بی انیشی ایٹو کا حصہ ہے، جس کا آغاز ہنگری کے مرکزی بینک نے 2015 میں ملک میں رین من بی کے استعمال کو فروغ دینے اور چین کے ساتھ مالیاتی روابط مضبوط بنانے کے لئے کیا تھا۔
ہنگری کے مرکزی بینک کے گورنر میہالی وارگا نے کہا کہ عالمی مالیاتی نظام تیزی سے کثیر قطبی شکل اختیار کر رہا ہے جبکہ علاقائی مالیاتی نیٹ ورکس کی اہمیت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
پیپلز بینک آف چائنہ کے مطابق 2025 میں رین من بی کی سرحد پار وصولیوں اور ادائیگیوں کا مجموعی حجم 706 کھرب یوآن (105.7 کھرب امریکی ڈالر) رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10.1 فیصد زیادہ ہے۔
وارگا نے کہا کہ ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ مستقبل کی عالمی معیشت میں رین من بی انتہائی اہم کردار ادا کرے گی۔‘‘
ہنگری کے مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر ڈینیئل پالوٹائی نے شِنہوا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد مالیاتی لین دین میں رین من بی کے وسیع تر استعمال کو آسان بنانا ہے کیونکہ زیادہ سے زیادہ چینی کمپنیاں اور بینک ہنگری میں اپنی سرگرمیاں بڑھا رہے ہیں۔
پالوٹائی نے کہا کہ’’ہنگری اس حوالے سے مشرق اور مغرب کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔‘‘
چینی بیٹری ساز کمپنی سی اے ٹی ایل اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی ان اداروں میں شامل ہیں جو ہنگری میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ ہنگری میں چین کے سفیر گونگ تاؤ نے بتایا کہ ہنگری میں چینی کمپنیوں کے مجوزہ اور شروع کئے گئے سرمایہ کاری منصوبوں کی مالیت 26 ارب یورو (28.8 ارب امریکی ڈالر) سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ان منصوبوں کے نتیجے میں 30 ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔
گونگ نے مالیاتی تعاون کے منصوبوں کو بھی اجاگر کیا، جن میں 2015 میں ہنگری میں وسطی اور مشرقی یورپ کے پہلے رین من بی کلیئرنگ بینک کا قیام اور ہنگری کی جانب سے مجموعی طور پر 11 ارب یوآن (1.65 ارب امریکی ڈالر) مالیت کے خودمختار پانڈا بانڈز کا اجرا شامل ہے۔






















