تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ملازم مستقل نہیں ہوسکتے، عدالت

وفاقی آئینی عدالت نے کہا کہ تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے کام کرنے والا ملازم مستقل نہیں ہو سکتا۔ جسٹس ارشد حسین نے اختلاف کیا۔

لارڈمیڈیا
تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ملازم مستقل نہیں ہوسکتے، عدالت

اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : وفاقی آئینی عدالت نے نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) اور سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے کام کرنے والا ملازم مستقل ہونے کا حقدار نہیں ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے 18 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جبکہ جسٹس روزی خان نے ان کے فیصلے سے اتفاق کیا لیکن جسٹس ارشد حسین نے اختلاف کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ طویل ملازمت یا 9 ماہ سے زائد کا عرصہ ریگولرائزیشن کا ازخود حق نہیں دیتا۔ تھرڈ پارٹی معاہدے کے تحت کام کرنے والے ملازم کو مستقل ورک مین تسلیم کرنا معاہدے کی مخالفت ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملازم کی تنخواہ اور برطرفی کنٹریکٹر سے متعلق تھی، اسٹیٹ بینک کو براہ راست تنخواہ یا ریگولرائزیشن کا حکم دینا درست نہیں تھا۔

جسٹس ارشد حسین شاہ نے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ کنٹریکٹر کے ذریعے بھرتی یا آؤٹ سورسنگ کا لیبل کسی ملازم کے قانونی حقوق ختم نہیں کر سکتا، اور اصل صورتحال کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ آرٹیکل 3، 4 اور 25 کے مطابق قانونی تحفظات کو معاہدوں کے ذریعے بے اثر نہیں کیا جا سکتا۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن نے 19 دسمبر 2014 کو پرائم ہیومن ریسورس سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا جس کے تحت کمپنی نے مختلف عہدوں کے لیے کنٹریکٹ کی بنیاد پر عملہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ ایک ڈسپنسر کو بھی فراہم کیا گیا جو 2015 سے 2017 تک وہاں کام کرتا رہا۔

ملازم نے برطرفی کو چیلنج کرتے ہوئے این آئی آر سی سے رجوع کیا اور مستقل کرنے کی استدعا کی، جس پر این آئی آر سی نے برطرفی کا حکم کالعدم قرار دیا اور اسٹیٹ بینک کو مستقل کرنے کی ہدایت کی۔ اس فیصلے کے خلاف اسٹیٹ بینک بی ایس سی اور کنٹریکٹر کمپنی نے اپیلیں دائر کیں، بعد ازاں معاملہ سندھ ہائیکورٹ پہنچا۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں