نجی زمین پر مزار کی تعمیر سے ملکیت محکمہ اوقاف کی نہیں بن جاتی، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے نجی زمین پر مزار کی ملکیت محکمہ اوقاف کی نہیں قرار دی۔ عدالت نے محکمہ اوقاف کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے زمین کی قانونی حیثیت کی وضاحت کی ہے۔

لارڈمیڈیا
Supreme Court rules on private land ownership

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ نجی زمین پر قبر یا مزار کی تعمیر کے بعد زمین کی ملکیت محکمہ اوقاف کی نہیں بن جاتی۔ عدالت نے محکمہ اوقاف کی نجی زمین کے انتظام اور قبضہ سنبھالنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب کی اپیل خارج کر دی ہے۔

جسٹس شاہد وحید کے 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ زمین کو وقف قرار دینے کے لیے اس کی مستقل وقفیت ثابت کرنا ضروری ہے۔ محض زائرین کی آمد اور نذرانوں کی وصولی سے زمین کی ملکیت محکمہ اوقاف کو منتقل نہیں ہوتی۔

عدالت نے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنی نجی زمین پر کسی عزیز کی قبر تعمیر کرتا ہے تو اس سے زمین وقف نہیں ہوتی۔ اسی طرح کسی نجی زمین پر مزار قائم ہونے، زائرین کی آمدورفت یا نذرانے جمع ہونے کو بھی زمین کی مستقل وقفیت کا ثبوت قرار نہیں دیا جا سکتا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ محکمہ اوقاف کسی نجی ملکیتی زمین کو مالک کی رضامندی کے بغیر اپنی تحویل میں لینے کا مجاز نہیں ہے۔ زمین کو وقف قرار دینے کا دعویٰ کرنے والے فریق پر اس کی مستقل وقفیت ثابت کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

عدالت نے محکمہ اوقاف کا 19 نومبر 2003 کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا اور مزید قانونی وضاحت بھی کی۔ محکمہ اوقاف کو 5 کنال 3 مرلے اراضی اور اس پر قائم عمارتوں کا قبضہ 30 روز میں اصل مالک کو واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں