کراچی کی ابتر صورتحال پر حافظ نعیم کی پیپلز پارٹی حکومت پر شدید تنقید

حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی پر کراچی کے ترقیاتی فنڈز کا حساب مانگا ہے اور انتظامی یونٹس کی مخالفت پر تنقید کی ہے۔ سندھ حکومت کی مالی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

لارڈمیڈیا
کراچی کی ابتر صورتحال پر حافظ نعیم کی پیپلز پارٹی حکومت پر شدید تنقید

کراچی (لارڈ میڈیا): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو کراچی کی ابتر صورتحال اور ترقیاتی کام نہ ہونے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور شہر کے لیے مختص اربوں روپے کے فنڈز کا حساب مانگ لیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ کراچی میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کی مخالفت کا کوئی جواز نہیں ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے ساتھ جو سلوک کررہی ہے، اس کی وجہ سے شہر میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بھی کہتے ہیں کہ انتظامی یونٹس آئین کے مطابق بنائے جائیں، لیکن جب یہ کہا جاتا ہے کہ اس معاملے پر خون کی ندیاں بہہ جائیں گی تو ان کی سوچ واضح ہوتی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 18 سال کے دوران کراچی کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ ان کے بقول مردم شماری کے وقت شہر کی ڈیڑھ کروڑ آبادی کم شمار کی گئی، حالاں کہ کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 4 ہزار 32 ارب روپے مختص ہوئے، پیپلز پارٹی بتائے کہ یہ رقم کہاں خرچ کی گئی۔ اگر یہ پیسہ خرچ نہیں ہوا تو اس کی وجہ بتائی جائے اور اگر خرچ کیا گیا ہے تو منصوبوں کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔

انہوں نے سندھ حکومت کے مالی معاملات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبے کو گزشتہ 18 سال کے دوران قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ، گرانٹس اور رائلٹی کی مد میں 40 ہزار ارب روپے ملے، جب کہ عالمی مالیاتی اداروں سے بھی 16 ہزار ارب روپے حاصل ہوئے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا مقامی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، لیکن اختیارات کے معاملے پر ادارے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی مد میں جمع ہونے والی رقم صوبائی اور وفاقی سطح پر لوٹی جارہی ہے۔

انہوں نے غزہ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں انسانی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے اور اسرائیل مسلسل امن معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں