وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے کالعدم بی ایل اے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی ایل اے کے عہدیدار پلیٹ فارمز کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کالعدم تنظیم بی ایل اے کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ تنظیم کے متعدد عہدیدار سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
محسن نقوی نے بیان دیا کہ یہ پلیٹ فارمز نہ صرف چندہ جمع کرنے بلکہ تنظیم کے مؤقف کو پھیلانے کے لیے بھی استعمال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک کالعدم اور دہشت گرد تنظیم کو سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے کی اجازت کیوں دی جا رہی ہے؟
وفاقی وزیر داخلہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بی ایل اے کے عہدیداروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کرنے کی اجازت کون دے رہا ہے؟ اور کسی کو تو اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ یہ بند ہو۔
مزید برآں، محسن نقوی نے کہا کہ اگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا تو اس کا کیا مطلب لیا جائے؟





















