ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کا حتمی معاہدے کے بغیر اختتام

ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہوئی، اقوام متحدہ اور ممالک نے مایوسی ظاہر کی۔ فوسل فیول پر اختلافات نمایاں رہے۔

لارڈمیڈیا
ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کا حتمی معاہدے کے بغیر اختتام

انطالیہ (لارڈ میڈیا): ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 بغیر کسی حتمی سیاسی معاہدے کے اختتام پذیر ہوگئی، جس پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت متعدد ممالک نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ کانفرنس میں ممالک کے نمائندے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے، صاف توانائی کو فروغ دینے اور متاثرہ ممالک کو مالی معاونت فراہم کرنے کے معاملات پر مذاکرات کر رہے تھے، تاہم کسی بنیادی معاملے پر اتفاق رائے پیدا نہیں ہوسکا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کانفرنس میں کسی مشترکہ فیصلے پر اتفاق نہ ہونے پر گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کی مایوسی میں شریک ہیں جنہیں توقع تھی کہ حکومتیں موسمیاتی بحران کی سنگینی کے مطابق اقدامات کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمرے میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا لیکن سائنسی شواہد میں کوئی ابہام نہیں۔

کانفرنس کے صدر کرس بوون نے کہا کہ کانفرنس کے دوران صاف توانائی کے حوالے سے کئی مثبت اقدامات ہوئے اور 90 سے زائد ممالک نے بجلی کے استعمال کو فروغ دینے کے عہد پر دستخط کیے تاہم موسمیاتی اقدامات کے لیے یہ کوششیں کافی نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فوسل فیول سے بتدریج منتقلی کا معاملہ بنیادی اختلاف کی وجہ بنا۔

چین، کینیا، فلپائن، نیپال اور یورپی یونین سمیت کئی ممالک نے حتمی فیصلے پر اتفاق نہ ہونے کو مایوس کن قرار دیا، جبکہ سعودی عرب اور روس نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ حل زیر غور رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

کوپ 31 کے صدر مراد کورم نے کہا کہ اتفاق رائے نہ ہونے پر اب کوئی نیا مسودہ تیار نہیں کیا جائے گا اور پہلے سے منظور شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں