ملک بھر میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پنجاب میں دھند اور سموگ کا امکان جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سردی بڑھنے کی توقع ہے۔
لاہور (لارڈ میڈیا): ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت دھند اور سموگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک، بالائی اضلاع میں سرد رہنے کی توقع ہے، جبکہ صوابی اور گردونواح میں رات کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور رات کے وقت سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، مری اور گلیات میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ سیالکوٹ، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، اوکاڑہ، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک، جبکہ بالائی اضلاع میں رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک، جبکہ شمالی اضلاع میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہے گا، گلگت بلتستان میں رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں براعظمی ہوائیں غالب ہیں، جس کے باعث بیشتر علاقوں میں بارش کا کوئی نمایاں امکان نہیں۔





















