لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال خطرناک، اے کیو آئی 513 ریکارڈ۔ صحت پر برے اثرات کے خدشات، حکومت کے اقدامات جاری۔
لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال خطرناک ہو گئی ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 513 ریکارڈ کیا گیا اور شہر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا۔ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی اسموگ میں اضافہ ہوا ہے، جس سے نظام تنفس سے جڑی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔
صوبائی حکومت کے مطابق گاڑیوں کا دھواں، صنعتی آلودگی، فصلوں کی باقیات جلانا، اور ٹھنڈی ہوا میں آلودگی کے ذرات کا پھنس جانا بنیادی وجوہات ہیں۔ بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودگی بھی شامل ہے۔
آئی کیو ایئر کے مطابق گلبرگ کالج روڈ پر اے کیو آئی 927 تک پہنچ گیا، جب کہ دیگر علاقوں میں بھی آلودگی کی سطح خطرناک رہی۔ لاہور کی فضا خطرناک حد تک آلودہ ہونے کی وجہ سے صحت کے مسائل بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پنجاب کے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہوا کی رفتار اور سمت کی وجہ سے اے کیو آئی متاثر ہوا ہے، لیکن دوپہر میں بہتری آ سکتی ہے۔ آلودگی کنٹرول کے لیے سموگ گنز اور دیگر اقدامات جاری ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور این 95 ماسک کا استعمال کریں۔ گھروں میں دروازے بند رکھیں اور سانس لینے میں دشواری ہونے پر فوری طبی مدد حاصل کریں۔





















