کراچی میں آج موسم خشک اور رات میں خنکی کی پیشگوئی ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی کمی کے باعث خشک سالی کا خطرہ بڑھ گیا۔
کراچی (لارڈ میڈیا) محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسم خشک رہنے اور رات میں خنکی کی پیشگوئی کی ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری رہا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ہے اور شمال شمال مغرب سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی کمی سے خشک سالی کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ بارشوں میں غیر معمولی کمی کے باعث سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خشک سالی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر اور محکمہ موسمیات نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ سندھ میں عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں جبکہ بلوچستان میں چاغی اور واشک کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد، اکتوبر میں 200 فیصد اور نومبر کے پہلے 20 دنوں میں 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔ بلوچستان میں بھی اکتوبر اور نومبر کے دوران معمول سے کہیں کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، بارشوں میں مسلسل کمی سے آئندہ تین ماہ کے دوران خشک سالی کی صورت حال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔





















