طویل نیند دل کے مریضوں کے لیے خطرناک ہوسکتی ہے، تحقیق

ایک تحقیق کے مطابق دل کے مریضوں کے لیے طویل نیند خطرناک ہوسکتی ہے، 9 گھنٹے سے زائد نیند لینے والوں میں موت کا خطرہ زیادہ دیکھا گیا ہے۔

لارڈمیڈیا
طویل نیند دل کے مریضوں کے لیے خطرناک ہوسکتی ہے:  تحقیق

کراچی (لارڈ میڈیا): ایک نئی 15 سالہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے روزانہ 9 یا اس سے زائد گھنٹے سونا صحت کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق 9 گھنٹے یا اس سے زیادہ نیند لینے والے مریضوں میں موت کا خطرہ 7 سے 8 گھنٹے سونے والوں کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔ چین اور جارجیا سدرن یونیورسٹی کے محققین نے کہا ہے کہ زیادہ نیند کسی بیماری کی علامت یا جسم میں موجود بنیادی طبی مسئلے کی نشاندہی کرسکتی ہے۔

محققین کے مطابق ڈپریشن، نیند کے دوران سانس لینے میں دشواری، جسم میں سوزش، جسمانی کمزوری، دائمی بیماریاں اور ادویات کے مضر اثرات طویل نیند سے منسلک ہوسکتے ہیں۔ ان علامات کے باعث دل کے مریضوں کی صحت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا خدشہ رہتا ہے اور انہیں معمول کے طبی معائنے میں نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔ محققین نے تاکید کی ہے کہ مریضوں کے نیند کے دورانیے کے بارے میں سوال کرنا طبی معائنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق نیند کے دورانیے کا جائزہ لینا ایک آسان، غیر تکلیف دہ اور کم خرچ طریقہ ہے، جسے اسپتالوں اور عام طبی مراکز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین نے واضح کیا ہے کہ طویل نیند کو موت کی یقینی علامت نہیں سمجھنا چاہیے، لیکن دل کے مریضوں میں نیند کے معمولات میں غیر معمولی تبدیلی کو نظرانداز نہ کرتے ہوئے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں