وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گورونانک کے جنم دن پر سکھ برادری کو مبارکباد دی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔
لاہور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گورونانک کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بابا گورونانک کی تعلیمات بھائی چارے، امن، مساوات اور رواداری کے فروغ کا اہم پیغام دیتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے سکھ مت کے بانی بابا گورونانک کی بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذہبی اختلافات سے بالاتر ہوکر بھائی چارے کے فروغ کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ مساوات اور انصاف بابا گورونانک کی تعلیمات کی بنیاد ہیں اور ان کا پیغام آج بھی معاشرے میں امن، محبت اور باہمی احترام کے فروغ کا ذریعہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو سکھ مت کے مقدس مقامات کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے اور حکومت پنجاب سکھ برادری کو ان کے مقدس مقامات پر حاضری کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اہل پنجاب اپنے سکھ بہن بھائیوں کی میزبانی پر فخر محسوس کرتے ہیں اور بابا گورونانک کا پیغام مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔





















