لاہور ہائیکورٹ میں لاپتہ خواتین کے کیسز کی سماعت، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے انوسٹیگیشن ٹیموں کی تشکیل کا حکم دیا۔
لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور ہائیکورٹ میں لاپتہ خواتین کی بازیابی کے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے مخصوص انوسٹیگیشن ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انوسٹیگیشن لاہور ونگ تسلی بخش کام نہیں کررہی، اس لیے ٹیم کو تبدیل کیا جائے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کی ہے اور حکومت سے ہدایات لینے کا بھی حکم دیا ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 2021 سے 2025 تک ایک لاکھ سے زائد لاپتہ خواتین کے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 387 کیسز اب تک حل نہیں ہو سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2026 میں 21,956 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 1,781 کیسز ابھی تک حل طلب ہیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ لاپتہ کیسز کہاں سب سے زیادہ رپورٹ ہوئے، جس پر آئی جی نے بتایا کہ لاہور میں زیادہ تر کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس نے سلمی بی بی کی درخواست پر سماعت کی جنہوں نے اپنی بیٹی مقدس کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔





















