افغانستان سے تجارت وہاں کی دہشت گردی کے باعث بند ہے، جام کمال

وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ افغانستان سے تجارت وہاں کی دہشت گردی کی وجہ سے بند ہے اور پاکستان نے افغانستان کو اس کے شواہد پیش کیے ہیں۔

لارڈمیڈیا
افغانستان سے تجارت وہاں کی دہشت گردی کے باعث بند ہے، جام کمال

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ افغانستان سے تجارت وہاں کی دہشت گردی کے سبب بند ہے اور پاکستان بار بار افغانستان کو یہ شواہد پیش کر رہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت چوتھی بین الاقوامی فوڈ اے جی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصدق ملک ایک کثیر جہتی انتظام کے تحت بھارت گئے ہیں اور پاکستان کا واضح موقف ہے کہ لاء اینڈ آرڈر اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت سے زیادہ اہم نیشنل سیکیورٹی کا معاملہ ہے۔

وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کسی ملک سے جان بوجھ کر تعلقات خراب نہیں کرتا، تاہم بھارت کے ساتھ تجارت کے لیے پہلے کشمیر کے معاملے پر بات چیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس اور نئے صوبے بنانے پر پورے ملک میں بحث جاری ہے اور وزیراعظم کے فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔

جام کمال نے کہا کہ فوڈ ایگ پاکستان کی زرعی صلاحیت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔ اس سال عالمی حالات کے باوجود دنیا کے مختلف ممالک کے وزیر تجارت اور دیگر مہمان نمائش میں شریک ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پرائیوٹ سیکٹر کی نمائش ہے اور دنیا سے لوگوں کی شرکت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ تجارت کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔ یوگینڈا کی وزیر تجارت نے بھی نمائش میں شرکت کی اور پاکستان کی فوڈ ایگ نمائش کو سراہا۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں