چینی مین لینڈ بینک تائیوان کے کاروباری اداروں کے لئے مالی معاونت میں اضافہ کرے گا

چین اور تائیوان کے درمیان مالی تعاون بڑھانے کے لئے معاہدہ طے پا گیا ہے جو تائیوان کے کاروباری اداروں کو مالی معاونت فراہم کرے گا۔

شنہوا

بیجنگ (شِنہوا) چین کے تائیوان امور کے دفتر اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف چائنہ نے بیجنگ میں ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت آئندہ پانچ سال کے دوران تائیوان کے کاروباری اداروں کے لئے مالی معاونت بڑھائی جائے گی اور آبنائے تائیوان کے دونوں جانب اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت پالیسی بینک مالیاتی خدمات کا دائرہ وسیع کرے گا اور کئی شعبوں میں مالی معاونت فراہم کرے گا۔ ان میں تائیوان کی کمپنیوں کو چینی مین لینڈ میں کاروبار قائم کرنے اور وسعت دینے، تائیوان کی سرمایہ کاری سے صنعتی پارکس کی تعمیر، چینی کمپنیوں کو تائیوان میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے، دونوں جانب تجارت کو فروغ دینے اور چینی مین لینڈ میں قائم تائیوان کی سرمایہ کاری والے اداروں کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) میں شرکت کے لئے معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے دفتر برائے تائیوان امور اور ریاستی کونسل کے دفتر برائے تائیوان امور کے سربراہ سونگ تاؤ نے بیجنگ میں دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ 15ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کے دوران تائیوان کے کاروباری اداروں کو مالی مشکلات سے نمٹنے اور ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد دینے کے لئے ایک عملی اقدام ہے۔

سونگ نے امید ظاہر کی کہ تائیوان کے کاروباری ادارے اعتماد برقرار رکھیں گے، چینی مین لینڈ میں اپنے کاروبار کو وسعت دیں گے اور چین کی جدت اور آبنائے تائیوان کے دونوں جانب اقتصادی تعاون میں فعال کردار ادا کریں گے۔

ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف چائنہ کے چیئرمین چھن ہوائی یو نے کہا کہ بینک آبنائے تائیوان کے دونوں جانب اقتصادی تعاون کے اہم شعبوں کے لئے مزید مالی وسائل فراہم کرے گا جن میں تجارت کی معیاری ترقی، جدید پیداوار اور بیلٹ اینڈ روڈ تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بینک آبنائے تائیوان کے دونوں جانب کاروباری اداروں کو اقتصادی اور تجارتی تعاون مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔

چینی مین لینڈ میں تائیوان کی سرمایہ کاری سے قائم کاروباری اداروں کی ایسوسی ایشن کے صدر لی ژینگ ہونگ نے اس معاہدے کو تائیوان کے کاروباری اداروں کے لئے بروقت معاونت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی کے تحت فراہم کی جانے والی مالی معاونت سے تائیوان کی سرمایہ کاری والے اداروں کو چینی مین لینڈ کے ترقیاتی منصوبوں میں شرکت کے لئے زیادہ اعتماد اور سہولت ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن اور تائیوان کے کاروباری ادارے چینی مین لینڈ کی ترقی کے امکانات کے حوالے سے پرامید ہیں اور 15ویں پانچ سالہ منصوبے کے دوران دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

اس معاہدے کے بعد بینک کی شنگھائی، چھونگ چھنگ، ہوبے، گوانگ ڈونگ، فوجیان اور شیامن میں قائم شاخوں نے تائیوان کی سرمایہ کاری سے وابستہ کاروباری تنظیموں اور اداروں کے ساتھ بھی مالیاتی تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کئے۔

اسٹوری آتھر
دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں