چین نے حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے زچہ و بچہ دوست اسپتالوں کی ترقی کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
بیجنگ(شِنہوا)چین نے حاملہ خواتین، نئی ماؤں اور بچوں کے لیے طبی سہولیات کو مزید آسان اور اطمینان بخش بنانے کے لیے زچہ و بچہ دوست اسپتالوں کی ترقی کے لئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔
قومی صحت کمیشن نے پیر کے روز ایسے اسپتالوں کی ترقی اور انتظامی امور کو مضبوط بنانے کے لیے ایک نوٹس جاری کیا ہے، جس میں خواتین اور بچوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
نوٹس کے مطابق، زچہ وبچہ دوست اسپتالوں میں زچگی کے عمل کو زیادہ آرام دہ بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے زچگی وارڈز میں ایک اور دو بستروں والے کمرے بنائے جائیں گے، خواتین کی ضروریات کے مطابق انفرادی نگہداشت فراہم کی جائے گی اور دورانِ زچگی درد سے نجات کے لیے چوبیس گھنٹے سہولیات کی فراہمی کی جانب پیش رفت کی جائے گی۔
اسپتالوں کو اس بات کی بھی ترغیب دی گئی ہے کہ وہ تولیدی صلاحیت کے تحفظ میں تیزی لائیں، ابتدائی حمل میں خواتین کی نگہداشت کو بہتر بنائیں، پیدائشی نقائص کی روک تھام اور علاج کو مضبوط کریں، اور شدید بیمار حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کے لیے ہنگامی طبی امداد کو بہتر بنائیں۔
اس کے علاوہ اسپتالوں میں بچوں کے لیے زیادہ سازگار ماحول پیدا کرنے اور طبی خدمات کو آسان بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ ان اقدامات میں ایک ہی جگہ تمام ضروری طبی سہولیات کی فراہمی، پیشگی وقت لینے کی سہولت اور خاندانی طرز کے وارڈز شامل ہیں۔
اسپتالوں کو بچوں میں سانس کی بیماریوں کے موسمی اضافے کے دوران طبی وسائل کے بہتر انتظام کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں بچوں اور نوجوانوں کی صحت کے فروغ کے لیے وزن کے انتظام، بینائی، ذہنی صحت، ہڈیوں کی مضبوطی اور منہ و دانتوں کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسپتالوں میں متعلقہ شعبہ ہائے طب کو مضبوط بنانے اور علاج کی فراہمی کے نئے طریقے متعارف کرانے کی توقع ہے۔
یہ اقدامات چین کی جانب سے شرح پیدائش میں اضافے کے لیے معاون نظام کو مضبوط بنانے اور بچوں کی پیدائش کے لیے سازگار معاشرہ تشکیل دینے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔ قومی ادارہ شماریات کے مطابق، چین میں 2025 کے دوران 79 لاکھ 20 ہزار بچوں کی پیدائش ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 لاکھ 20 ہزار کم ہے۔
2025 کے اختتام تک چین میں صفر سے 14 سال کی عمر کے بچوں کی تعداد 21 کروڑ 27 لاکھ 60 ہزار تھی۔






















