چین نے سرمائے کی منڈی میں اصلاحات کے تحت پہلے فعال انتظامی ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز متعارف کرادیئے

چین نے شنگھائی اور شین زین سٹاک ایکسچینجز میں پہلے فعال انتظامی ای ٹی ایفس متعارف کرادیئے جو سرمائے کی منڈی میں اصلاحات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

شنہوا

بیجنگ (شِنہوا) چین کے پہلے فعال انتظامی ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایفس) کی خرید و فروخت شنگھائی اور شین زین سٹاک ایکسچینجز میں شروع ہوگئی جو ملک میں سرمائے کی منڈی میں اصلاحات کو مزید مضبوط بنانے اور طویل مدتی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

روایتی ای ٹی ایفس کسی مخصوص مارکیٹ انڈیکس کے مطابق سرمایہ کاری کرتے ہیں جبکہ فعال انتظامی ای ٹی ایفس میں فنڈز کے منتظمین خود حصص کا انتخاب کرتے اور سرمایہ کاری میں ردوبدل کرتے ہیں تاکہ مارکیٹ انڈیکس کے مقابلے میں زیادہ منافع حاصل کیا جا سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2026 کے اختتام تک عالمی سطح پر فعال ای ٹی ایفس کے زیر انتظام اثاثوں کی مالیت 27 کھرب امریکی ڈالر تک پہنچ چکی تھی جو عالمی ای ٹی ایف مارکیٹ کا 13 فیصد ہے۔ اس شعبے میں مسلسل 78 ماہ سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے جو مختلف اقسام کی مالیاتی سرمایہ کاری کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔

چائنہ سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن کی عہدیدار جیاؤ کائی شیا نے کہا کہ یہ فنڈز فعال سرمایہ کاری کے ذریعے زیادہ منافع حاصل کرنے کے مواقع اور ای ٹی ایفس کے فوائد فراہم کرتے ہیں۔ اس سے حصص میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہوں گے اور مارکیٹ میں درمیانی اور طویل مدت کے لئے زیادہ سرمایہ لانے میں مدد ملے گی۔

مارکیٹ کے اداروں کا کہنا ہے کہ ان فنڈز کے آغاز سے چین میں ای ٹی ایفس کی اقسام میں اضافہ ہوگا اور انشورنس کمپنیوں، پنشن فنڈز اور انفرادی سرمایہ کاروں کو نسبتاً کم لاگت پر فعال سرمایہ کاری کی حکمت عملیوں تک آسان رسائی ملے گی۔

چین نے حالیہ برسوں میں سرمائے کی منڈی میں اصلاحات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کوششیں تیز کی ہیں جن میں عوام کے لئے دستیاب حصص پر مبنی سرمایہ کاری فنڈز کی اقسام میں اضافہ اور طویل مدتی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی شامل ہے۔

اسٹوری آتھر
دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں