چین اور نمیبیا کے اشتراک سے 50 میگاواٹ کے ونڈ پاور منصوبے کی تعمیر کا آغاز

چین اور نمیبیا کی کمپنیوں نے نمیبیا کے جنوبی ساحلی قصبے لوڈیرٹز کے قریب 50 میگاواٹ کے ونڈ پاور منصوبے کی تعمیر شروع کر دی۔

شنہوا

ونڈہوک (شِنہوا) چین اور نمیبیا کی کمپنیوں کے مشترکہ منصوبے کے تحت نمیبیا کے جنوبی ساحلی قصبے لوڈیرٹز کے قریب 50 میگاواٹ کے ونڈ پاور منصوبے کی تعمیر کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں نمیبیا کی نائب صدر لوسیا وٹبوئی نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک کا بجلی کی درآمدات پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔

مشترکہ کمپنی سیریم لوڈیرٹز انرجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ اس منصوبے کے تحت لوڈیرٹز سے تقریباً 16.5 کلومیٹر جنوب میں ونڈ فارم تعمیر کر رہی ہے۔

چائنہ انرجی اوورسیز انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور الفا نمیبیا انڈسٹریز رینیوایبل پاور لمیٹڈ (اے این آئی آر ای پی) کی ذیلی کمپنیاں اس مشترکہ منصوبے میں بالترتیب 55 اور 45 فیصد حصص کی حامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر لوسیا وٹبوئی نے کہا کہ ہم زیادہ محفوظ توانائی، مضبوط معیشت اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔ امید ہے کہ اس سرمایہ کاری سے ہمارے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے منصوبے کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ نوجوان نمیبیائی شہریوں کو ملازمتیں دیں، مقامی کاروباری اداروں کو منصوبے میں شامل کریں اور مقامی کارکنوں کو تکنیکی مہارتیں سیکھنے کے مواقع فراہم کریں۔

نائب صدر نے کہا ہم ایسی شراکت داری چاہتے ہیں جس سے دونوں فریقوں کو فائدہ ہو جس میں جواب دہی ہو اور جس کا مقصد ملک کی طویل مدتی خوشحالی ہو۔

منصوبے کے منتظمین کا ہدف ہے کہ سیریم لوڈیرٹز ونڈ پاور منصوبے سے 30 نومبر 2028 کو بجلی کی تجارتی پیداوار شروع کر دی جائے۔

توقع ہے کہ یہ ونڈ فارم سالانہ 253.8 گیگا واٹ آور بجلی پیدا کرے گا جو نمیبیا کی بجلی کی سالانہ کھپت کا تقریباً 6 فیصد ہوگی۔

اسٹوری آتھر
دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں