اسٹیٹ بینک نے دو کریڈٹ بیوروز کو لائسنس جاری کر دیے ہیں، جس سے SME سیکٹر کی ترقی اور قرضوں کا حجم بڑھنے کی توقع ہے۔
کراچی (لارڈ میڈیا): اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے دو کریڈٹ بیوروز کو لائسنس جاری کر دیے ہیں۔ یہ بیوروز قرض خواہوں کی ضروریات کی نشاندہی کرنے کے ساتھ درکار قرض کی مالیت کا درست اندازہ لگانے میں مدد دیں گے، جس سے SME سیکٹر کی ترقی اور قرضوں کا حجم بڑھنے کی توقع ہے۔
بینک آف دی فیوچر فورم میں سسٹمز لمیٹڈ کے تحت ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینکنگ سیکٹر میں مصنوعی ذہانت کا استعمال وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بینکاری نظام میں جدت اور تیزی لائی جاسکتی ہے، تاہم بینکوں کو اس کا استعمال ذمہ داری اور احتیاط سے کرنا ہوگا۔
سلیم اللہ نے مزید کہا کہ قرضوں کی منظوری، فراڈ کی روک تھام اور نگرانی میں اے آئی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خودکار فیصلوں میں شفافیت، جوابدہی اور صارفین کے حقوق کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ مالیاتی نظام کا استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کا فروغ ساتھ ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
ڈپٹی گورنر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک مالیاتی شعبے میں اے آئی کے محفوظ استعمال کے لیے مؤثر ضابطہ کار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مالیاتی خدمات تک رسائی اور مالی شمولیت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں، سلیم اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے اے آئی بینکنگ کے لیے گائیڈ لائنز مرتب کر لی ہیں، جو صارفین کو بہتر سروسز فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں۔ اے آئی ٹیکنالوجی کی ترقی سے بینکنگ سیکٹر میں بہتری آئے گی جبکہ ممکنہ خطرات کی روک تھام کے لیے بھی رہنما اصول تیار ہیں۔ گائیڈ لائن کی منظوری کے بعد ان پر عملدرآمد ہوگا۔





















