چین کے میگا واٹر ڈائیورژن منصوبے کے ’’اسمارٹ نظام‘‘ کو جدید بنا دیا گیا

چین کی ساؤتھ ٹو نارتھ واٹر ڈائیورژن کارپوریشن نے اپنے اسمارٹ نظام کو جدید بنا دیا ہے، جس سے سیلاب کی صورتحال کا تجزیہ کرنے میں وقت کم ہو گیا ہے۔

شنہوا

بیجنگ (شِنہوا) چین کی ساؤتھ ٹو نارتھ واٹر ڈائیورژن کارپوریشن لمیٹڈ نے حال ہی میں اپنے "تھیان حہ” لارج لینگوئج ماڈل کا دوسرا ورژن متعارف کرایا ہے۔ اس اپ گریڈ کے ذریعے دنیا کے سب سے بڑے آبی منتقلی منصوبے کے ’’اسمارٹ نظام‘‘ کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس کی مدد سے سیلاب کی صورتحال کا تجزیہ کرنے میں لگنے والا وقت کئی گھنٹوں سے کم ہو کر چند منٹ رہ گیا ہے۔

چائنہ میڈیا گروپ نے رپورٹ کیا کہ وی ٹو ماڈل پہلے وی ون کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے اور اس میں مزید جدید سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ یہ نظام حقیقی وقت کے اعداد و شمار، سائنسی ماڈلز اور مصنوعی ذہانت کو یکجا کرکے آبی نیٹ ورک کے منتظمین کو بہتر فیصلے کرنے میں مدد دیتا ہے۔

سیلاب کے موسم میں یہ نظام 27 سیٹلائٹس اور 237 موسمیاتی ریڈارز سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار استعمال کرتا ہے۔ اس کی مدد سے بارش اور دریاؤں میں پانی کی سطح کا وہ جائزہ جس میں پہلے کئی گھنٹے لگتے تھے اب چند منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔ پانی کے معیار کی نگرانی کے لئے یہ ماڈل ان علاقوں میں موجود 5 کروڑ سے زیادہ نگرانی کے ریکارڈز کا جائزہ لیتا ہے جہاں سے پانی حاصل کیا جاتا ہے، جہاں سے اسے گزارا جاتا ہے اور جہاں اسے پہنچایا جاتا ہے۔ یہ نظام آلودگی پھیلنے اور کائی کی افزائش پر نظر رکھ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ تجویز بھی دیتا ہے کہ پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے والے کون سے دروازے کھولے جائیں اور ہنگامی صورتحال سے کیسے نمٹا جائے۔ رپورٹ کے مطابق اس طرح ہنگامی حالات میں محض تجربے کی بنیاد پر اندازے لگانے کے بجائے درست حساب کتاب کی مدد سے فیصلے کئے جا سکتے ہیں۔

منصوبے کے مشرقی اور وسطی راستوں کا پہلا مرحلہ 2014 میں مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد سے اب تک چین کے شمال کی جانب 92 ارب مکعب میٹر سے زیادہ پانی منتقل کیا جا چکا ہے۔

اس منصوبے کے ذریعے 48 بڑے شہروں کو پانی کی مستحکم اور بہتر فراہمی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ تقریباً 20 کروڑ افراد اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔

اسٹوری آتھر
دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں