حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے کمی کا اعلان کیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت مستحکم ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 24 نومبر سے ہوگا۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ذریعے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت کو مستحکم رکھا گیا ہے۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 322 روپے سے کم ہو کر 319 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 357 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔ نئی قیمت کا اطلاق 24 نومبر سے ہوگا۔
اس سے قبل 20 نومبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے کمی کی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ مارچ کے مہینے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہوا تھا اور تین اپریل کو پیٹرول کی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے پیٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ 17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں کشیدگی کے باعث اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔





















