چین کی سیکیورٹیز ریگولیٹری اتھارٹی نے سٹاک مارکیٹ کے استحکام کے لئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا، جن میں کم از کم مارجن کی شرط میں کمی شامل ہے۔
بیجنگ (شِنہوا) چین کی سیکیورٹیز ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ ملک کی سٹاک مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کے لئے متعدد اقدامات متعارف کرائے جائیں گے، جن میں قرض لے کر حصص خریدنے کے لئے کم از کم مارجن کی شرط میں کمی بھی شامل ہے تاکہ مارکیٹ میں اضافی سرمایہ لایا جا سکے۔
چائنہ سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن (سی ایس آر سی) کی منظوری کے بعد شنگھائی، شین زین اور بیجنگ سٹاک ایکسچینجز کم از کم مارجن کی شرح 100 فیصد سے کم کرکے 80 فیصد کر دیں گے۔ یہ فیصلہ 30 نومبر سے نافذ العمل ہوگا۔
تخمینے کے مطابق اس تبدیلی سے ممکنہ طور پر تقریباً 400 ارب یوآن (59.58 ارب امریکی ڈالر) کا اضافی سرمایہ مارکیٹ میں آسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس تناسب میں ردوبدل کو چین کی سٹاک مارکیٹ میں معاشی اتار چڑھاؤ کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے استعمال ہونے والے اہم ذرائع میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ ماضی میں اس تناسب میں کی جانے والی کمی سے مارجن اکاؤنٹس میں موجود رقوم اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، جس نے مارکیٹ کو سہارا دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
سی ایس آر سی کے مطابق شنگھائی اور شین زین سٹاک ایکسچینجز نے فیسوں میں کمی کے نئے اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں جن میں مارکیٹ کے شرکاء کے کاروباری یونٹس کے استعمال کی فیس معاف کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ لسٹڈ کمپنیوں کی لسٹنگ فیس اور بانڈز کے لین دین کی پروسیسنگ فیس سے متعلق وہ رعایتی اقدامات، جن پر رواں سال کے آغاز میں عملدرآمد کیا گیا تھا، مزید 2 سال کے لئے بڑھا کر 2028 تک جاری رکھے جائیں گے۔
اسی روز شین زین سٹاک ایکسچینج نے چین کے نیس ڈیک طرز کے گروتھ انٹرپرائزز بورڈ چھائی نیکسٹ میں درج حصص کے لئے مارکیٹ میکرز سے متعلق قواعد و ضوابط پر عوامی آرا طلب کرنا شروع کر دیں۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب چین کے بڑے سٹاک انڈیکسز حالیہ دنوں میں گراوٹ کا شکار ہوئے جبکہ جمعہ کے روز امریکی سٹاک مارکیٹ میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں میں بے چینی پیدا ہوئی۔






















