لاہور میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ شہر میں جلسوں اور اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ پابندی 24 سے 26 نومبر تک برقرار رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے یہ احکامات جاری کیے ہیں، جن میں عوامی مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ شہر میں جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور مظاہروں کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ دہشت گرد تنظیموں اور دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماعات دہشت گردی کا ممکنہ ہدف بن سکتے ہیں۔ عوامی اجتماعات کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے یا دہشت گردی کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔
انتظامیہ کے مطابق بعض عناصر کی سرگرمیوں سے امن عامہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ انسانی جانوں، املاک اور اہم تنصیبات کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے مطابق لاہور کی سڑکوں، شاہراہوں، موٹرویز، گلیوں اور کھلے مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔





















