بچوں کی آن لائن ہراسانی کیس میں عدالت کا اہم فیصلہ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بچوں کے آن لائن ہراسانی کیس میں وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور جواب جمع کروانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔

لارڈمیڈیا
بچوں کی آن لائن ہراسانی کیس میں عدالت کا اہم حکم

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اسلام آباد ہائی کورٹ نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال، آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ کے کیس میں وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ کی جانب سے جواب کے لیے مزید وقت کی استدعا منظور کر لی گئی ہے اور حکومت کو جواب جمع کروانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے مختلف درخواستوں پر سماعت کی، جہاں درخواست گزاروں کی جانب سے وکلاء اور سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ 13 نومبر کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی ایک میٹنگ ہوئی تھی اور عدالت سے جواب کے لیے وقت طلب کیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ 2020 کے سوشل میڈیا رولز سے متعلق درخواستیں غیر موثر ہو چکی ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے 2020 کے سوشل میڈیا رولز کے خلاف درخواست کو غیر مؤثر قرار دے کر واپس لے لیا۔ عدالت نے 2021 کے سوشل میڈیا رولز کے خلاف درخواست پر وفاق کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے ڈیجیٹل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے قوانین پر عمل درآمد کا حکم دیا ہوا ہے اور شکایات کے ازالہ کے لیے قانون پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔ پی ٹی اے، پیمرا اور نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کو جامع رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں