پشاور میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد فرار ہو گیا ہے۔
پشاور (لارڈ میڈیا): کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور ریجن نے تھانہ بڈابیر کی حدود میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے 2 سے 3 ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پشاور ریجن کی ٹیموں نے تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں واقع علاقے خوڑ میرہ باچا خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے ساتھیوں سمیت علاقے میں موجود تھا اور دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان 20 سے 25 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق فائرنگ کے دوران ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے 2 سے 3 ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، 2 پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔





















