غیرملکی ایئرلائنز نے پاکستان سے 2.4 ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کیے ہیں۔ ایئرکرافٹ ایسوسی ایشن نے ٹیکس چوری کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): غیرملکی ایئرلائنز نے پاکستان سے ٹکٹوں کی فروخت کے ذریعے سالانہ 2.4 ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ فضائی ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن پاکستانی مالیاتی نظام سے باہر رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان میں کام کرنے والی ایئرلائنز کا گزشتہ پانچ سال کا فارنزک ٹیکس آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سربراہ عمران اسلم خان نے وفاقی وزیر خزانہ کو خط میں کہا ہے کہ آف شور پیمنٹ گیٹ ویز کے ذریعے ایئرلائن ٹکٹوں کی فروخت پر مبینہ ٹیکس چوری کے خدشات موجود ہیں اور وزیر خزانہ سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔
ایوی ایشن انڈسٹری کے ذرائع نے بتایا کہ کئی دہائیوں سے قومی ایئرلائنز کے انٹرنیشنل روٹس غیرملکی فضائی کمپنیوں کو دیے گئے ہیں، جبکہ پی آئی اے نے انٹرنیشنل روٹس پر اپنی پروازیں بند کر دی ہیں۔ غیرملکی کمپنیوں کو پاکستان کے مالیاتی قوانین پر عمل درآمد سے چھوٹ دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق غیرملکی فضائی کمپنیوں کو ان بدانتظامیوں کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا، بلکہ اس کی ذمہ داری معاہدے اور ان کی توثیق کرنے والی حکومتوں پر آتی ہے۔ پاکستانی فضائی کمپنیوں پر ٹیکس عائد کیے جاتے ہیں، مگر غیرملکی کمپنیوں کو چھوٹ دی گئی ہے۔




















