آسٹریلیا کے وزیر تجارت و سیاحت ڈان فیرل نے چین کے ساتھ تعمیری اور مستحکم تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
آسٹریلوی وزیر تجارت نے چین کے ساتھ تعمیری اور مستحکم تعلقات کا مسلسل فروغ انتہائی اہم قرار دے دیا
سڈنی (شِہوا) آسٹریلیا کے وزیر تجارت و سیاحت ڈان فیرل کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ ’’تعمیری اور مستحکم‘‘ تعلقات کو مسلسل فروغ دینا انتہائی اہم ہے کیونکہ چین آسٹریلیا کا ’’سب سے اہم تجارتی اور اقتصادی شراکت دار‘‘ ہے۔
فیرل نے شِنہوا کو حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ عالمی تجارت میں تیزی سے اور غیر معمولی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے اثرات کو کم کرنے کے لئے آسٹریلیا ایشیا بحرالکاہل خطے میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے۔
فیرل نے کہا کہ خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے تجارت کے مستحکم اور قابل پیش گوئی حالات انتہائی ضروری ہیں۔
آسٹریلیا کے وزیر تجارت و سیاحت نے کہا کہ ’’ ہمارا مقصد اپنے خطے اور دنیا بھر میں تجارتی تعلقات کے دائرے کو مزید وسیع کرنا ہے۔‘‘
فیرل نے کہا کہ آسٹریلیا اور چین اپنے پہلے سے مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو گہرا کرنے، ایشیا بحرالکاہل خطے میں تجارت کو وسعت دینے اور پورے خطے میں آزاد تجارت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
آسٹریلوی وزیر تجارت نے یہ اظہار بھی کیا کہ آسٹریلیا اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید جدید، موثر اور ماحول دوست بنایا جا سکتا ہے۔





















