بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے لیے دو ماڈلز کی تجویز

حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے دو ماڈلز کی تجویز دی ہے، جس کے تحت بنیادی ڈھانچے کا مالک کامیاب خریدار ہوگا جبکہ دیگر امور نیلامی کے ذریعے سونپے جائیں گے۔

لارڈمیڈیا
Govt proposes two-tier power privatization model

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے دو سطحی کاروباری ماڈل متعارف کرانے کی تجویز دی ہے جس کے تحت کامیاب خریدار کمپنی کے کھمبوں، تاروں اور بنیادی ڈھانچے کا مالک ہوگا، جب کہ بجلی کی فروخت اور بلنگ جیسے تجارتی امور نیلامی کے ذریعے دوسرے سرمایہ کاروں کو سونپے جائیں گے۔

یہ ماڈل پاور سیکٹر ریفارمز اسٹیئرنگ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ ہوگا۔ حکومت صرف بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے خریدار کو ریگولیٹ کرے گی، جسے آخری سہارا فراہم کرنے والا سپلائر کہا جائے گا۔

فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی بجلی تقسیم کار کمپنیاں ابتدائی طور پر نجکاری کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ مجوزہ نظام کے تحت نجی شعبے کے سرمایہ کار بجلی کی فراہمی اور فروخت کا کاروبار آزادانہ طور پر کر سکیں گے، تاہم انہیں حکومت کے سابقہ معاہدوں کے تحت کیپیسٹی پیمنٹس کی ادائیگیاں بھی کرنی ہوں گی۔

حکومتی تجویز کے مطابق بجلی کے شعبے میں سالانہ تقریباً 1.7 کھرب روپے کی کیپیسٹی پیمنٹس کا بوجھ صارفین برداشت کر رہے ہیں۔ اس ماڈل کے تحت حکومت ان مالی ذمہ داریوں کو نجی سپلائرز تک منتقل کرنا چاہتی ہے، تاہم فوری طور پر بجلی کے نرخوں میں کمی متوقع نہیں ہے۔

صارفین کو تقریباً 17 روپے فی یونٹ غیر استعمال شدہ پیداواری استعداد کی مد میں ادا کرنا ہوگا، لیکن درمیانی اور طویل مدت میں مسابقتی سپلائرز کو سرکاری نرخوں سے کم قیمت پر بجلی فروخت کرنے کی اجازت ملے گی، جس سے بتدریج صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

نجکاری کمیشن کے عہدیدار کے مطابق اس ماڈل کا بنیادی مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام کو ریگولیٹ رکھنا اور بجلی کی خرید و فروخت کو مسابقتی بنیادوں پر نجی شعبے کے لیے کھولنا ہے۔

فیسکو کی نجکاری کے بعد سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے مختص بجلی کی پیداواری استعداد اور صارفین کا پورٹ فولیو نجی سپلائرز کو نیلام کیا جائے گا۔ کامیاب بولی دہندگان بجلی کی خریداری اور صارفین کی فراہمی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں