اعظم نذیر تارڑ نے ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن پراپیگنڈا کے تدارک کے لیے عالمی تعاون ضروری ہے۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لیے آزادی اظہار اور غلط معلومات کے فرق کو سمجھنا ضروری ہے اور اس کے لیے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا میں آزادی اور اظہار کی ذمہ داری کو برقرار رکھتے ہوئے جوابدہی کے قانون کا احترام کرنا ہوگا۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ پہلے اخبارات میں خبر شائع ہونے سے قبل چیک اینڈ بیلنس کا عمل ہوتا تھا، جبکہ اب غیر ارادی طور پر غلط معلومات چند سیکنڈز میں شائع ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے اپنی ذاتی تجربہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب 2023 میں سینیٹ میں نامزدگی کے کاغذات جمع کرائے تو ایک غلط خبر وائرل ہوئی جس میں ان کے اثاثہ جات کی تفصیل کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ جھوٹی خبروں کی روک تھام اور حقائق کی تصدیق وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ایک بار غلط خبر شائع ہو جائے تو اس کے نتائج کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن پراپیگنڈا کے تدارک کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ قوانین کی تشکیل ترجیحات میں شامل ہے۔





















