ہواوے کے ہارمنی او ایس استعمال کرنے والے آلات کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، جو کمپنی کی خودمختار سافٹ ویئر ایکو سسٹم کی تشکیل میں اہم سنگ میل ہے۔
شین زین(شِنہوا) ہواوے نے اعلان کیا ہے کہ اس کے اپنے تیار کردہ آپریٹنگ سسٹم ہارمنی او ایس پر چلنے والے سمارٹ فونز، ٹیبلٹس اور کمپیوٹرز کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے جو کمپنی کی جانب سے ایک خودمختار سافٹ ویئر ایکو سسٹم کی تشکیل کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس تعداد میں ہارمنی او ایس کے ورژن 5، 6 اور 7 پر چلنے والے آلات شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق ہارمنی او ایس پر اب 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ایپلی کیشنز اور خدمات دستیاب ہیں، جبکہ اس کے رجسٹرڈ ڈویلپرز کی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ہواوے نے اکتوبر 2024 میں ہارمنی او ایس 5 کے اجرا کے ساتھ ہارمنی او ایس کا نیا آرکیٹیکچر متعارف کرایا تھا جس کے بعد اس کے مزید جدید ورژن 6 اور 7 پیش کیے گئے۔ یہ نیا آرکیٹیکچر اینڈرائیڈ اور ایپل کے آئی او ایس سے مکمل طور پر آزاد ہے جو اس کے اپنے آپریٹنگ کرنل، پروگرامنگ لینگویج اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فریم ورک پر مشتمل ہے۔ یہ تمام ٹیکنالوجیز لینکس کرنل یا اینڈرائیڈ کے اوپن سورس کوڈ کے استعمال کے بغیر تیار کی گئی ہیں۔
آپریٹنگ سسٹمز کسی بھی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی بنیاد ہوتے ہیں جبکہ ان پر چلنے والے آلات کی تعداد اس بات کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے کہ کیا کوئی ایکو سسٹم اتنے بڑے پیمانے پر پھیل سکتا ہے کہ اپنی مضبوط بنیاد قائم کرکے پائیدار ترقی جاری رکھ سکے۔
اس کے خود تیار کردہ ہارمنی او ایس کو تجارتی بنیادوں پر متعارف کرانے سے لے کر اس کو استعمال کر نے والے آلات کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرنے تک تقریباً 25 ماہ کا عرصہ لگا۔






















