چینی صدر شی جن پھنگ نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کے اجلاس کو تہنیتی پیغام بھیجا، جہاں انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے دو ریاستی حل کی اہمیت پر زور دیا۔
بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کی مناسبت سے اقوام متحدہ کے منعقدہ اجلاس کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر شی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین مشرق وسطیٰ کے تنازع کا بنیادی محور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ کشیدگی کی وجہ سے عالمی برادری کی توجہ فلسطین کے مسئلے سے نہیں ہٹنی چاہیے۔ شی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کی کلید دو ریاستی حل کے اصول پر قائم رہنے اور فلسطین و اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کو فروغ دینے میں مضمر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مغربی کنارے کے انتظام و انصرام اور غزہ میں جنگ کے بعد کی تعمیر نو کو فلسطین پر فلسطینیوں کی حکمرانی کے اصول کے مطابق آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی زمینوں پر قبضے یا ان کے حقوق کی پامالی پر مبنی کسی بھی اقدام کی مخالفت کی۔
صدر شی نے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطین کی حمایت میں اپنے اتفاق رائے اور وعدوں کو ٹھوس اقدامات میں ڈھالنا چاہیے، غزہ میں پائیدار جنگ بندی کو فروغ دینا چاہیے اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔
صدر شی نے کہا کہ انصاف ضرور غالب آئے گا اور اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کے منصفانہ مقصد کی بھرپور حمایت کی ہے۔
صدر شی نے کہا کہ چین امن پسند اور انصاف کے علمبردار تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا جاری رکھے گا تاکہ بین الاقوامی قانون کی بالادستی کی بنیاد پر اور مسئلے کی ظاہری علامات و بنیادی وجوہات دونوں کے تدارک کے نقطہ نظر سے مسئلہ فلسطین کے جامع، منصفانہ اور پائیدار حل کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے عمل کو فروغ دیا جا سکے۔
صدر شی نے مزید کہا کہ ایسی کوششیں مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن و استحکام میں معاون ثابت ہوں گی اور عالمی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کریں گی۔






















