ملتان پاکستان کا آلودہ ترین شہر، فضائی آلودگی میں 41 فیصد اضافہ

پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو کے مطابق ملتان کی فضائی آلودگی میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ لاہور میں کمی دیکھی گئی۔ کراچی میں آلودگی بڑھ گئی ہے۔

لارڈمیڈیا
Multan tops as most polluted city in Pakistan

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو کی رپورٹ کے مطابق 16 سے 22 نومبر کے دوران ملتان پاکستان کا آلودہ ترین شہر رہا، جہاں باریک ذرات پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 204.1 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملتان کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 254 رہا، جو انتہائی مضر صحت کیٹیگری میں آتا ہے۔

ملتان میں 20 نومبر کو آلودگی کی سطح سب سے زیادہ تھی، جب پی ایم 2.5 کی مقدار 263.3 مائیکروگرام اور اے کیو آئی 313 تک پہنچ گیا۔ ملتان کی آلودگی کی ہفتہ وار اوسط گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ تھی۔ لاہور میں پی ایم 2.5 کی اوسط 180 مائیکروگرام فی مکعب میٹر اور اے کیو آئی 230 ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں 22 نومبر کو آلودگی کی بلند ترین سطح ریکارڈ ہوئی، جب پی ایم 2.5 کی مقدار 236.7 مائیکروگرام اور اے کیو آئی 286 تک پہنچ گیا۔ تاہم لاہور کی فضائی آلودگی میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں پی ایم 2.5 کی اوسط 75 مائیکروگرام فی مکعب میٹر اور اے کیو آئی 160 رہا، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 96 فیصد زیادہ اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد کم تھی۔ اسلام آباد میں پی ایم 2.5 کی اوسط 64.5 مائیکروگرام اور اے کیو آئی 155 ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 42 فیصد کم ہے۔

پی اے کیو آئی کے مطابق چاروں شہروں میں ساتوں دن پی ایم 2.5 کی سطح عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ حد سے زیادہ رہی۔ لاہور کے گردونواح میں بھی آلودگی کی بلند سطح کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر علی اعجاز نے کہا ہے کہ لاہور میں آلودگی کے مقامی عوامل پر قابو پانے کے اقدامات کے باعث اب صبح اور شام کے اوقات میں چند گھنٹوں کے لیے اے کیو آئی بڑھتا ہے، تاہم درجہ حرارت میں اضافے کے بعد اس میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔

رپورٹ میں ملتان کے شہریوں کو بیرونی سرگرمیاں محدود کرنے اور حساس افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ لاہور کے لیے بھی احتیاط برتنے کی سفارش کی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں