چین نے سنگاپور کے ساتھ مصنوعی ذہانت اور ماحول دوست ترقی میں تعاون بڑھانے کا اعلان کیا۔
سنگاپور (شِنہوا) چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ نے کہا کہ چین سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے نظام سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ماحول دوست ترقی اور دیگر شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
ڈنگ شوئے شیانگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن بھی ہیں، نے سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ سے ملاقات کی۔ ڈنگ سنگاپور کے نائب وزیراعظم گان کم یونگ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے نظام کے اجلاسوں کی مشترکہ صدارت کے لئے سنگاپور کے دورے پر ہیں۔
ڈنگ نے لارنس وونگ کو چین کے کامیاب دورے اور اپیک کے اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی توجہ اور رہنمائی میں چین اور سنگاپور کے دوطرفہ تعاون کے نظام کے اجلاسوں کا دائرہ مسلسل وسیع ہوا ہے اور نئی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جس سے مستقبل پر مبنی ہمہ جہت اور اعلیٰ معیار کی شراکت داری کے لئے مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے۔
ڈنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور دیگر شعبوں میں قریبی روابط کے مثبت تسلسل کو برقرار رکھنا چاہیے تاکہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے عوامی سطح پر بنیاد مزید مستحکم ہو سکے۔
لارنس وونگ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعاون کے نظام کے اجلاس دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہت تعاون کو مستحکم اور وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
وونگ نے کہا کہ سنگاپور مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور دیگر شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لئے دونوں ممالک کو عوامی سطح پر تبادلوں میں بھی مزید اضافہ کرنا چاہیے۔






















