آسٹریلیا چائنہ بزنس کونسل کے صدر رائس رابرٹس نے کہا کہ ایشیا بحرالکاہل برادری کے چار اہم ستون آسٹریلیا اور چین کے تعاون کو فروغ دیتے رہیں گے۔
ایشیا بحرالکاہل برادری کے 4 اہم ستون آسٹریلیا اور چین کے تعاون کو فروغ دیتے رہیں گے، سربراہ بزنس کونسل
سڈنی (شِنہوا) آسٹریلیا چائنہ بزنس کونسل (اے سی بی سی) کے قومی صدر اور چیئرمین رائس رابرٹس نے کہا ہے کہ آسٹریلیا اور چین کے درمیان تعاون سے مزید بہتر نتائج حاصل کرنے میں ایشیا بحرالکاہل برادری کے چار اہم ستون مسلسل کردار ادا کرتے رہیں گے۔
چین کے شہر شین زین میں حال ہی میں منعقد ہونے والے ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اپیک) کے اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس میں اپیک لیڈرز شین زین آؤٹ لک 2026 منظور کیا گیا جس میں ایشیا بحرالکاہل برادری کے چار اہم ستونوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں معیشت اور تجارت، رابطوں کا فروغ، جدت اور ترقی شامل ہیں۔
رابرٹس نے شِنہوا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے لئے یہ ایک عملی ایجنڈا ہے جس پر عملدرآمد کے حوالے سے وہ خود بھی جواب دہ ہو سکتے ہیں۔
رابرٹس نے شین زین میں اپیک کے سی ای او سمٹ میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ہونے والی گفتگو نے ان پر گہرا اثر چھوڑا۔ ان کے مطابق آسٹریلیا چائنہ بزنس کونسل سے وابستہ متعدد کمپنیوں کے لئے اجلاس میں زیر بحث موضوعات انتہائی اہم ہیں کیونکہ ان سے خطے میں کاروبار کرنا آسان، تیز اور زیادہ قابل بھروسہ ہو سکتا ہے۔
معیشت اور تجارت کے حوالے سے رابرٹس نے کہا کہ آسٹریلیا اور چین کے پاس دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لئے وسیع تجربہ موجود ہے کیونکہ 2015 میں چین اور آسٹریلیا کے آزاد تجارتی معاہدے (سی ایچ اے ایف ٹی اے) کے نافذ ہونے کے بعد دونوں ممالک کی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے دوسرے عشرے میں اصل آزمائش مارکیٹ تک رسائی نہیں بلکہ تجارتی سہولتوں کی عملی کارکردگی ہوگی ۔
رابرٹس نے کہا کہ اب اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ برآمد کنندگان، درآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کے لئے سرحد پر تجارتی قواعد کتنے کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوس نتائج کا حصول یا ناکامی اسی مرحلے پر طے ہوتی ہے۔
رابطوں کے فروغ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا چائنہ بزنس کونسل نے گزشتہ سال آسٹریلیا بھر میں 250 سے زیادہ کاروباری تقریبات منعقد کیں اور بیرون ملک سے آنے والے 25 وفود کا خیرمقدم کیا۔
رابرٹس نے کہا کہ لوگوں کی آمدورفت جتنی آزادانہ ہوگی، تجارت بھی اتنی ہی بڑھے گی۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدت اور ترسیلی سلسلہ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور اس بات کو سمجھنے کے لئے شین زین سے بہتر کوئی جگہ نہیں۔ رابرٹس نے کہا کہ اس شہر نے دکھایا ہے کہ جب صنعتی پیداوار، تحقیق اور سرمایہ ایک جگہ موجود ہوں تو کیا نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
اے سی بی سی کے سربراہ کا خیال ہے کہ آسٹریلوی کمپنیوں کے لئے چینی شراکت داروں کے ساتھ مل کر نئی ٹیکنالوجی کو ان شعبوں میں استعمال کرنے کے مواقع موجود ہیں جن میں آسٹریلیا پہلے ہی مضبوط حیثیت رکھتا ہے۔ ان شعبوں میں زراعت اور اعلیٰ معیار کی غذائی مصنوعات، صحت اور طبی علوم، صاف توانائی اور قدرتی وسائل، نیز پیشہ ورانہ اور مالیاتی خدمات شامل ہیں۔
رابرٹس نے کہا کہ ترقی اس بات کا حتمی پیمانہ ہے کہ آیا باقی تین ستون مطلوبہ نتائج دے رہے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تجارت کے فوائد صرف بڑی کمپنیوں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں۔






















